پاکستان کا سب سے بڑا ایرو اسپیس و ڈیپ ٹیک پلیٹ فارم ایروفیوژن 2026 اختتام پذیر

image

پاکستان کا سب سے بڑا ایرو اسپیس اور ڈیپ ٹیک اختراعی پلیٹ فارم ایروفیوژن 2026 تین روزہ کامیاب سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا جس میں ملک بھر سے محققین، انجینئرز، طلبہ اور اسٹارٹ اپس نے بھرپور شرکت کی۔

نیشنل انکیوبیشن سینٹر فار ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز (نکات) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں اگنائٹ، نیٹ سول، نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، ایئر یونیورسٹی اور پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے اشتراک کیا۔

تین روزہ ایونٹ میں جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی سوچ اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں نئے آئیڈیاز کو عملی اور تجارتی حل میں تبدیل کرنے کے امکانات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

تقریب کے پہلے روز ایئر چیف مارشل (ر) سہیل امان، ایئر کموڈور (ر) فواد ظہیر، احسان الٰہی، سردار ابوبکر اور شیان یار سمیت ممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔

ایروفیوژن 2026 کے دوران خصوصی ورکشاپس، فائر سائیڈ چیٹس، پینل مباحثے اور تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے جن میں خلائی تحقیق، طیارہ سازی، کیوب سیٹ مشنز اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں پر شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔

ایروہیک قومی ہیکاتھون میں نوجوان ٹیموں نے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، انٹرنیٹ آف تھنگز، جدید مینوفیکچرنگ اور فضائی نظاموں سے متعلق جدید اور قابلِ عمل حل پیش کیے، جبکہ ریسرچ شوکیس میں طلبہ اور محققین نے اپنے تحقیقی منصوبے، پروٹوٹائپس اور اختراعی تصورات ماہرین کے سامنے پیش کیے۔

تقریب کے دوران ماہرین اور صنعتی رہنماؤں نے نوجوان شرکاء کی رہنمائی کی جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور محققین کو نقد انعامات، انکیوبیشن پروگرامز اور مستقبل میں اشتراک کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

منتظمین کے مطابق ایروفیوژن 2026 صرف ایک تقریب نہیں بلکہ پاکستان میں ایرو اسپیس اور ڈیپ ٹیک جدت کے ایک مضبوط اور پائیدار نظام کی بنیاد ہے جو نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز تخلیق کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US