وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ کراچی کو وفاق کے ماتحت لانے سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو زیادہ حصہ ملنے کے باعث وفاق کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس سے اہم اسٹریٹجک منصوبوں کی تکمیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔
احسن اقبال کے مطابق حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، تاہم تجویز یہ ہے کہ اس کے مستحقین کو ادائیگیاں متعلقہ صوبے خود کریں کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد غربت کے خاتمے کی ذمہ داری صوبوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں دینے سے متعلق کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔