گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے اور رات 12 بجے کے بعد ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر 403 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پولنگ 7 جون کو ہوگی۔
الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن میں مقامی پولیس اور جی بی اسکاؤٹس کے اہلکار تعینات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات میں 396 مرد جبکہ 8 خواتین امیدوار حصہ لے رہی ہیں۔
پارٹی پوزیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے 23، ن لیگ کے 22، استحکام پاکستان پارٹی کے 15، مسلم لیگ کے 11 اور جے یو آئی (ف) کے 9 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم اور جماعت اسلامی و ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔