مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کے لیے 60 کروڑ روپے مختص

image

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مون سون کی بارشوں کے پیشِ نظر شہر کے بڑے نالوں کی صفائی کا فیصلہ کیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت ترقیاتی اور میونسپل سروسز سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نالوں کی صفائی کے لیے 60 کروڑ روپے کی بھاری رقم مختص کرتے ہوئے کام کو مون سون سے قبل ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران میونسپل کمشنر ابرار جعفر نے میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے ٹینڈر عمل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینڈرز کھولنے کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا اور خریداری کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ میئر کراچی کی خصوصی ہدایت پر اس بار صفائی کے عمل کی نگرانی ایک تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کرے گا تاکہ پورے عمل میں شفافیت اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہر کے مختلف اضلاع کے لیے فنڈز کی تفصیلات کے مطابق ضلع سینٹرل کے لیے 6 کروڑ 80 لاکھ، ویسٹ اور کیماڑی کے لیے 7 کروڑ، جنوبی ضلع ون کے لیے 5 کروڑ 60 لاکھ اور جنوبی ضلع ٹو کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع ایسٹ کے لیے 7 کروڑ 30 لاکھ، کورنگی کے لیے 7 کروڑ اور ملیر کے لیے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں، جبکہ شہر کے مختلف اجتماعی ڈرینیج مقامات کے لیے بالترتیب 7 کروڑ 40 لاکھ اور 6 کروڑ 30 لاکھ روپے الگ سے مختص کیے گئے ہیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تاکید کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ نالوں کی صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کیونکہ بارش کے پانی کی بلا رکاوٹ نکاسی سے ہی شہر میں مکمل ہونے والے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ سال انتظامیہ نے بہتر کارکردگی دکھائی تھی لیکن اس سال مزید بہتر نتائج درکار ہیں، اس لیے کام میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی شکایات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US