واٹس ایپ میں ایک اور اہم ترین اپ ڈیٹ متعارف کروائی جا رہی ہے جو صارفین کو اپنی چیٹس زیادہ بہتر انداز میں آرگنائز (ترتیب) کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
ڈبلیو اے بیٹا انفو (Wabetainfo) کی رپورٹ کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت صارفین اب آرکائیو (Archive) اور لاک چیٹس (Locked Chats) کے لیے بھی الگ سے چیٹ لسٹس یا فلٹرز تیار کر سکیں گے، جس کا بنیادی مقصد کمیونیکیشن کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
یہ نیا فیچر اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ پر کسٹم لسٹ کا کارآمد فیچر نومبر 2024 سے پہلے ہی دستیاب ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف چیٹ فلٹرز بنا کر ان میں اپنی پسند کے مخصوص افراد یا گروپس کو شامل کر سکتے ہیں۔ اب اسی فیچر کو مزید اپ گریڈ کرتے ہوئے اس میں آرکائیو اور لاکڈ چیٹس کے پری سیٹ فلٹرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس وقت واٹس ایپ پر ان ریڈ (Unread)، گروپس اور فیورٹس (Favorites) جیسے پری سیٹ فلٹرز پہلے سے موجود ہیں اور جلد ہی ان کے ساتھ آرکائیو اور لاکڈ کا آپشن بھی نظر آئے گا۔ چونکہ لاکڈ چیٹس کو کھولنے کے لیے پاس کوڈ، فیس آئی ڈی یا فنگر پرنٹ کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس نئے پری سیٹ فلٹر کے آنے کے بعد صارفین کی سیکیورٹی اور پرائیویسی کا طریقہ کار کس طرح کام کرے گا۔