راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں مری روڈ پر ستھرا پنجاب پروگرام کی ایک کچرا اٹھانے گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کچرا بردار گاڑی کچرا لے کر لیاقت باغ ٹرانسفر اسٹیشن جا رہی تھی کہ راستے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس میں آگ لگ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ تاہم آگ کے باعث گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔