پاکستانی اسکن کینسر سرجن ڈاکٹر دعا خان نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے جلدی امراض اور اسکن کینسر سے متعلق رہنمائی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ تیار کر لیا ہے۔
ڈاکٹر دعا خان کے مطابق یہ چیٹ بوٹ خصوصی طور پر جلدی بیماریوں اور اسکن کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ عوام کو ابتدائی سطح پر درست معلومات اور رہنمائی میسر آ سکے۔
انہوں نے بتایا کہ جلد پر ظاہر ہونے والی معمولی علامات بعض اوقات سنگین بیماریوں میں تبدیل ہو سکتی ہیں اس لیے بروقت تشخیص اور درست رہنمائی انتہائی اہم ہے۔
چیٹ بوٹ صارفین کو علامات سمجھنے اور ابتدائی شناخت میں مدد فراہم کرے گا تاہم حتمی تشخیص کے لیے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہوگا۔
ڈاکٹر دعا خان کے مطابق اس منصوبے کی تیاری میں تقریباً تین ماہ کا عرصہ لگا اور امید ہے کہ یہ ٹول جلدی امراض اور اسکن کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔