ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر 12 جون تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبّی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو اور جیکب آباد میں 48، تربت اور موہنجو داڑو میں 47، سکھر، نوابشاہ اور ڈیرہ غازی خان میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح ملتان اور بہاولپور میں 45، لاہور میں 43، پشاور میں 42 جبکہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی اور کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں 12 جون تک درمیانی سے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 جون تک شہر میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے۔