قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی، جبکہ وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں رواں مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی بجٹ پر پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا اور آئندہ مالی سال کے اہم معاشی اہداف کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی اور صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگراموں (اے ڈی پیز) پر بریفنگ دی گئی، جبکہ 2026-27 اور 2025-26 کے پبلک سیکٹر انویسٹمنٹ پروگرام (پی ایس آئی پی) کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یکم اپریل 2025 سے 31 مارچ 2026 تک سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنک کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق رپورٹ بھی شرکا کے سامنے رکھی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے میگا ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن رپورٹ کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کے اختتام پر آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اخراجات، معاشی ترجیحات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلوں کی توثیق کی گئی، جن کا مقصد ملک کی معاشی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو مزید مؤثر بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US