کچہری خودکش دھماکا متاثرین کو معاوضہ نہ ملنے کا معاملہ، فریقین کو نوٹس جاری

image

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے متعلقہ حکام کو معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست گزار آصف گجر ایڈووکیٹ کی درخواست پر کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر تصدق حنیف عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکشن 13 لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت متاثرین کو گریڈ 18 کے شہدا پیکج کے مطابق معاوضہ ملنا چاہیے، تاہم کچہری سانحے کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرین کو تاحال ادائیگی نہیں کی گئی۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ معاملہ حل کرانے کے لیے اقدامات کریں اور پیش رفت سے آگاہ کریں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت سے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

عدالتی طلبی پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد عدالت میں پیش ہوئے اور یقین دہانی کرائی کہ مسئلہ جلد حل کرایا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے وفاق، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US