سیالکوٹ میں سمبڑیال پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سونار کے گھر سے ڈکیتی کے دوران لوٹا گیا 2 کلوگرام سے زائد سونا برآمد کرلیا، جس کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان علی الصبح سیڑھی کے ذریعے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر بھاری مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے خوف سے ملزمان نے تعاقب کے دوران لوٹا گیا سونا قریبی کھیتوں میں پھینک دیا، جسے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تلاش کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ ان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔