بے نظیر بھٹو کی 73 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

image

مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 73 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور ان کی سیاسی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

بے نظیر بھٹو کو قائدانہ صلاحیتوں، سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے دو مرتبہ ملک کی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔

21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والی بے نظیر بھٹو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی تھیں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سیاسی سرگرمیوں میں اپنے والد کے ساتھ منسلک رہیں اور مختلف غیر ملکی دوروں میں بھی ان کے ہمراہ رہیں۔

1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے بعد انہیں سیاسی اور عدالتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں 1982 میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن منتخب ہوئیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دورِ حکومت میں انہیں جلاوطنی اختیار کرنا پڑی۔

1988 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں، جبکہ 1993 میں ایک بار پھر انہیں یہ منصب حاصل ہوا۔ بعدازاں وہ 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس آئیں اور سیاسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کیا۔

27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے کے بعد وہ ایک دہشت گرد حملے میں شہید ہوگئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US