صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔
شہید بینظیر بھٹو کے 73ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی زندگی حوصلے، قربانی اور استقامت کی ایک درخشاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہنما نے اپنی سیاسی بصیرت، جرات مندی اور عوامی وابستگی کے ذریعے ملک میں جمہوری روایات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کے ناطے بینظیر بھٹو نے خواتین کی قیادت اور سیاسی شمولیت کے نئے دروازے کھولے۔ وہ جمہوری استحکام، آئینی بالادستی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر ہمیشہ ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہر مشکل اور آزمائش کا مقابلہ کرتے ہوئے جمہوری اقدار کا دفاع کیا اور قید و جلاوطنی کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ ان کی جدوجہد محروم اور پسماندہ طبقات کے حقوق اور ترقی کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے تشدد کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے مکالمے، برداشت اور جمہوری عمل کے فروغ پر زور دیا۔ ان کا وژن آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قوم شہید بینظیر بھٹو کو جمہوریت، عوامی خدمت اور امید کی علامت کے طور پر یاد رکھتی ہے، جبکہ ان کی یاد اور خدمات پاکستان کی اجتماعی قومی یادداشت کا ایک اہم حصہ ہیں۔