’بریکنگ بیڈ‘ کے اداکار جیان کارلو ایسپوزیٹو کی نماز ادا کرنے کی وائرل ویڈیو اور اسلام قبول کرنے کے دعوے پر بحث کیوں؟

21 جون کو ترکی الشیخ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جیان کارلو کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ چار مزید مردوں کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
getty
Getty Images

بریکنگ بیڈ اور بیٹر کال سول جیسے شوز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار جیان کارلو ایسپوزیٹو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ نماز ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے بھی یہ ویڈیو شیئر کر کے دعویٰ کیا کہ جیان کارلو نے اسلام قبول کر لیا ہے۔

21 جون کو ترکی الشیخ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جیان کارلو کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ چار مزید مردوں کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔

انھوں نے لکھا کہ مووی اور بریکنگ بیڈ کے سٹار جینکارلو ایسپوزیٹو نے کلمۂ شہادت پڑھا اور انھوں نے گذشتہ روز مسجد میں عملے کے ساتھ نماز پڑھی ہے۔

ترکی الشیخ کے مطابق ’سعودی عرب میں فلم بندی کے دوران مسلمانوں کے ساتھ وقت گزارنے سے وہ خود کو پُرسکون محسوس کرنے لگے۔ یہ ویڈیو کل کی ہے جس میں وہ صالح کمپنی کے ملازمین کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔‘

تاہم اب تک اداکار کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور بی بی سی بھی ترکی الشیخ کے دعوے کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

لقطة من مقطع فيديو يظهر الممثل الأمريكي إسبوزيتو وهو يصلي بين آخرين في أحد المساجد، نشرها تركي آل الشيخ
Social Media
ترکی آل الشیخ کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کا منظر، جس میں امریکی اداکار مسجد میں دیگر افراد کے ساتھ نماز ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں

سڑسٹھ سالہ جیان کارلون ترکی الشیخ کی تحریر کردہ فلم سیون ڈاگز میں نظر آئے تھے اور یہ فلم سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے پروڈیوس کی تھی۔

اس فلم میں مصری اداکار کریم عبدالعزیز اور احمد عز، انڈین اداکار سلمان خان اور اطالوی اداکارہ مونیکا بیلوچی نے بھی کام کیا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترکی الشیخ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر لوگوں نے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

اس ویڈیو پر ردِعمل کا اظہار کرنے والوں میں زیادہ بڑی تعداد سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین کی تھی۔

سعودی لکھا داؤد الشریان نے لکھا کہ ’امریکی اداکار جیان کارلو ایسپوزیٹو کے اسلام قبول کرنے کی کہانی اس مشہور قول کے مفہوم کی تصدیق کرتی ہے کہ مذہب کا اصل تعلق اس بات سے ہے کہ آپ دوسروں کے ساتھ کس طرح پیش آتے ہیں۔‘

ایک اور سعودی صارف نے لکھا کہ جیان کارلو کا اسلام قبول کرنا ’طرزِ عمل پر مبنی سفارتکاری ار اس کے اثرات کی ایک زندہ مثال ہے۔‘

کیا جیان کارلو سعودی عرب کی مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے؟

اداکار جینکارلو ایسپوزیٹو کی نماز ادا کرنے والی ویڈیو میں نظر آنے والی مسجد مراکش کی حسن ثانی مسجد ہے۔
Social Media
اداکار جینکارلو ایسپوزیٹو کی نماز ادا کرنے والی ویڈیو میں نظر آنے والی مسجد مراکش کی حسن ثانی مسجد ہے۔

جہاں لوگ اداکار کے اسلام قبول کرنے کی خبر پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو پر شکوک شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔

کچھ صارفین نے کہا کہ اس ویڈیو اور ترکی الشیخ کے دعوے میں چھوٹا سے مسئلہ یہ ہے کہ جس مسجد میں جیان کارلو نماز پڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں وہ سعودی عرب میں واقع ہی نہیں ہے۔

ان کے مطابق یہ حسن ثانی مسجد ہے جو مراکش کے شہر دار البیضا میں واقع ہے۔

مراکش سے تعلق رکھنے والے جواد نامی ایک صارف نے سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’حسن ثانی مسجد دار البیضا میں ہے لیکن کسی معجزے کے تحت یہ سعودی عرب پہنچ گئی ہے۔‘

کچھ لوگوں نے ایکس کے اے آئی پلیٹ فارم گروک سے بھی کہا کہ وہ اس معاملے ہر کچھ روشنی ڈالے۔ متعدد سوالات کے جواب میں گروک نے کہا کہ ’اس ویڈیو میں جیان کارلو دار البیضا کی حسن دوم مسجد میں نظر آ رہے ہیں اور یہ سعودی عرب نہیں ہے۔‘

کچھ لوگوں نے گروک کے اس جواب کو ایکس پر شیئر کیا اور لکھا کہ ’فوٹیج دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ اداکار نے اپنی ٹیم کے ساتھ نماز پڑھی ہے۔ تاہم ان کی یا ان کے ایجنٹ کی جانب سے کلمہ پڑھنے یا اسلام قبول کرنے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ اس پوری خبر کا ذریعہ صرف ترکی الشیخ کی ایک پوسٹ ہی ہے۔‘

اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ جیان کارلو نے مراکش کا دورہ کیا تھا۔ ایکس پر ایک اکاؤنٹ نے مراکش کے ایک چینل پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں اداکار کہہ رہے تھے انھوں نے حسن الثانی مسجد کا دورہ کیا ہے اور وہاں عبادت بھی کی تھی۔

ایکس پر ایک اور صارف نے لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ جیان کارلو نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کہاں کیا ہے لیکن ایک بات یقینی ہے کہ ترکی الشیخ نے جو ویڈیو پوسٹ کی ہے وہ مراکش کے شہر دار البیضا کی مسجد حسن الثانی کی ہے۔ اداکار نے بھی کہا تھا کہ مراکش کے دورے کے دوران انھوں نے اس مسجد میں عبادت کی تھی۔‘

جیان کارلو ایسپوزیٹو کون ہیں؟

صورة تجمع الممثل الأمريكي إسبوزيتو مع الممثل المصري أحمد عز والممثلة الإيطالية مونيكا بيلوتشي، ومخرجي فيلم 7Dogs في المغرب
Social Media
ایک تصویر میں جیان کارلو مصری اداکار احمد عز، اطالوی اداکارہ مونیکا بیلوچی اور فلم سیون ڈاگز کے ہدایت کاروں کے ساتھ مراکش میں دکھائی دے رہے ہیں

جیان کارلو ایک افریقی نژاد امریکی اداکار اور ہدایت کار ہیں۔ تاہم ان کی پیدائش 28 اپریل 1958 کو ڈنمارک میں ہوئی تھی، جہاں ان کے والدین نوکری کرتے تھے۔

ان کا خاندان بعد میں سنہ 1964 میں امریکہ کے شہر نیویارک کے علاقے مینہیٹن میں آ کر آباد ہو گیا۔

انھوں نے کم عمری میں ہی اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا اور ایک طویل کیریئر بنانے میں کامیاب رہے، جس نے انھیں ہالی ووڈ کے نمایاں ترین ستاروں میں شامل کر دیا۔

وہ منفی کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہوئے اور فلم و ٹیلی وژن پروڈیوسرز کے لیے اس نوعیت کے کرداروں میں سب سے قابلِ اعتماد اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

انھوں نے عالمی شہرت یافتہ کرائم ڈرامہ بریکنگ بیڈ میں گس فرنگ کا کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور اس پر انھیں دنیا بھر میں سراہا گیا۔ اس شو کے سبب انھیں متعدد بین الاقوامی ایوارڈز کے لیے نامز کیا گیا۔

انھوں نے یہی کردار بیٹر کال سول میں بھی بعد میں نبھایا۔

اس کردار کے لیے جیان کارلو نے بہترین معاون اداکار کا کریٹکس چوائس ٹیلی ویژن ایوارڈ دو مرتبہ جیتا، جبکہ انھیں اسی کیٹیگری میں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ کے لیے تین بار نامزد کیا گیا۔

جیان کارلو کی شادی جوی میک مینگل سے ہوئی، جن کے ساتھ ان کی چار بیٹیاں بھی ہیں۔ تاہم بعد میں ان دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔

طلاق کے بعد جیان کارلو نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا اور امریکہ اخبارات کے مطابق انھوں نے ایک مرحلے پر خودکشی کے ذریعے اپنی جان لینے پر بھی غور کیا تھا، تاکہ انشورنس پالیسی کے ذریعے ان کے خاندان کو مالی سہارا مل سکے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US