ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ آج بند رہے گی

image

ایرانی صدر کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ کو آج کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج کی تمام کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ عدالتی عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایرانی صدر کی آمد کے باعث ریڈ زون میں داخلے پر عائد پابندیوں سے سائلین، وکلا اور عدالتی عملے کو ہائیکورٹ تک رسائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، اسی لیے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں کوئی عدالتی کارروائی نہیں ہوگی۔

دوسری جانب ضلعی عدالتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور وہاں عدالتی امور بلا تعطل جاری رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US