کراچی رینجرز کیمپ پر حملہ ناکام بنانے پر وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کر کے سیکیورٹی فورسز نے فتنتہ الہندوستان کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے، قوم ان کے صدمے میں برابر کی شریک ہے، جبکہ انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والوں کی جلد از جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔

محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US