کراچی: رینجرز ہیڈ کوارٹر پر حملہ ناکام، تمام دہشت گرد ہلاک، 7 جوانوں کی شہادت کی اطلاع

image

کراچی یونیورسٹی روڈ پر محکمہ موسمیات چورنگی کے قریب پاکستان رینجرز کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں رینجرز کے 7 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گلستانِ جوہر بلاک 8 میں رینجرز کمپنی کمپاؤنڈ اور کے ٹی سی کے مرکزی دروازے پر پہلے ایک زوردار دھماکا ہوا، جس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی اور اس کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دھماکے اور فائرنگ کے بعد علاقے کی بجلی معطل ہوگئی، تاہم رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پچیس منٹ سے زائد جاری رہنے والے مقابلے کے بعد تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران متعدد دیگر مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس یو سواٹ ٹیم، کمانڈنٹ عامر خان نیازی کی سربراہی میں، سی ٹی ڈی اور ایس آئی یو کے کمانڈوز کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ سیکیورٹی اداروں نے اطراف کے علاقوں بشمول چمن اقبال کالونی کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اب فائرنگ کا سلسلہ تھم چکا ہے اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے رینجرز کے 7 جوانوں کی لاشوں اور 4 زخمیوں کو فوری طور پر نارتھ ناظم آباد رینجرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں سے ایک اہلکار کا تعلق بلوچستان کے علاقے بیلہ سے بتایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جس کے بعد آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی خود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

دوسری جانب گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے آئی جی سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کیں اور ایڈیشنل آئی جی کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کے محرکات کی شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثنا، جعفریہ الائنس کے صدر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاک رینجرز پر ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پوری ملتِ جعفریہ فتنہ الخوارج و فتنہ الہند کے خلاف پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US