آج سے 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی، شمالی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے اور سیلاب کا خدشہ

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 3 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔

ادارے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے مکینوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کیا جائے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دی جائے۔ ادارے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US