وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کا پہلا عالمی معیار کا وائلڈ لائف سفاری پارک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ترجمان سی ڈی اے کے مطابق یہ میگا پراجیکٹ بارہ کہو کے علاقے میں 350 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سفاری پارک کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے تاکہ دنیا کے منفرد جنگلی حیات کے تجربات پاکستان میں متعارف کرائے جا سکیں۔ منصوبے کا مقصد ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا، جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا اور شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ منصوبہ خاندانوں کے لیے تفریح، قدرتی ماحول سے قربت اور جنگلی حیات کے بارے میں آگاہی کا ایک منفرد مرکز ثابت ہوگا، جبکہ اس سے سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔