پاکستان کا فلسطین میں اسرائیلی اقدامات فوری روکنے اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

image

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ اور مسئلہ فلسطین سے متعلق قرارداد پر بحث کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری اور تشدد کی کارروائیاں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای ون منصوبہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی مالی رقوم کی بندش اس کے نظامِ حکمرانی کو مفلوج کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور 90 فیصد سے زائد آبادی شدید انسانی بحران کا سامنا کر رہی ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے بتایا کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 981 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ فلسطینی بچوں سے متعلق کمیشن آف انکوائری کی حالیہ رپورٹ ایک سنگین فردِ جرم کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اسرائیلی آبادکاری سرگرمیاں فوری اور مکمل طور پر بند کی جائیں، زمینوں کے الحاق، مکانات کی مسماری اور جبری بے دخلی کے تمام اقدامات روکے جائیں، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی مالی رقوم بھی فوری طور پر جاری کی جائیں۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری، مستقل اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US