لاہور ہائیکورٹ: دورانِ ڈکیتی قتل کے مجرم کی سزائے موت برقرار

image

لاہور ہائیکورٹ نے دورانِ ڈکیتی قتل کے مقدمے میں مجرم محمد رضوان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اس کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس محمد طارق ندیم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی پھانسی کی سزا کی توثیق کردی۔

عدالت میں بتایا گیا کہ محمد رضوان پر 2020 میں ڈکیتی کے دوران شہباز محمود کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا، جبکہ سرکاری وکیل کے مطابق ملزم کو وقوعہ کے مقام سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ فیصل آباد کے تھانہ بٹالہ کالونی میں درج کیا گیا تھا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل شیخ محمد آصف نے عدالت میں ملزم کی اپیل کی مخالفت کی، جبکہ وکیل صفائی نے بریت کے لیے دلائل پیش کیے، تاہم وہ عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد دو رکنی بینچ نے سزائے موت کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے ملزم کی پھانسی کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US