پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان حکومت نے 30 جون کو بلوچستان میں سرحد پار سے چار دیسی ساختہ ڈرون بھیجے، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کرکے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے یہ اقدام ان دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور معاونت کا حصہ ہے جو ان کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان کے مؤثر فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر ان ڈرونز کا سراغ لگا لیا اور سیکیورٹی فورسز نے اعلیٰ تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا جس کے باعث کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان کے ایسے اقدامات کا مقصد اپنی عوام کو گمراہ کرنا ہے، جو پہلے ہی ان کے جابرانہ طرزِ حکمرانی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ رویہ افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق افغان طالبان کو دہشت گردی کی سرپرستی ترک کرتے ہوئے پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھا تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے ہر انچ کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں جبکہ پاکستان کی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی مہم جوئی یا سرحد پار اشتعال انگیزی کا جواب فوری، فیصلہ کن اور بھرپور انداز میں دیا جاتا رہے گا۔