پاکستان میں ایک نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کو ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایئرلائن آئندہ چند روز میں اپنے فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ساؤتھ ایئر کو یہ سرٹیفکیٹ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے جس سے ایئرلائن کو ملک کے اندر فضائی آپریشن کی اجازت مل گئی ہے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی ہوا بازی کے شعبے کے فروغ کے لیے سی اے اے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلائے گی، جس سے مسافروں کو مزید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
ساؤتھ ایئر کی جانب سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سکھر ایئرپورٹ کے لیے ٹیسٹ پروازیں بھی کامیابی سے چلائی جا چکی ہیں، جبکہ ان پروازوں کے دوران سول ایوی ایشن کے انسپکٹرز نے مختلف آپریشنل اور حفاظتی امور کا جائزہ لیا تھا۔سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ نئی ایئرلائن جلد اپنی باقاعدہ پروازوں کا شیڈول جاری کرے گی