پنجاب سے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی واپسی جاری، 35 ہزار سے زائد ڈی پورٹ

image

پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، جبکہ پنجاب پولیس اب تک 35 ہزار 719 افغان شہریوں سمیت مختلف غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرچکی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت صوبے بھر کے ہولڈنگ پوائنٹس پر 72 غیر قانونی مقیم افراد موجود ہیں، جن کی واپسی کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 14 ہزار سے زائد مرد، 7 ہزار 138 خواتین اور 14 ہزار 529 بچے شامل ہیں۔ ان افراد میں 11 ہزار 47 ایسے غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 135 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 13 ہزار 537 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو بھی واپس بھیجا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس عالمی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی واپسی کے عمل پر عمل درآمد کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US