نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے خواتین سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی 9ویں وزارتی کانفرنس کے لیے قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کی، جس میں کانفرنس کی تیاریوں کے آخری مرحلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کانفرنس کے مجوزہ پروگرام، ایجنڈے، پروٹوکول، سیکیورٹی اور انتظامی امور، میڈیا و کمیونیکیشن حکمت عملی، بین الوزارتی رابطہ کاری اور دیگر تنظیمی معاملات پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ 12 اور 13 جولائی 2026 کو پاکستان میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے کامیاب اور ہموار انعقاد کو یقینی بنایا جائے، جس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے، شمولیت اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزارت انسانی حقوق کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں اور باقی ماندہ انتظامات بروقت مکمل کریں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکریٹری انسانی حقوق عبدالخالق شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔