پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مون سون کے موسم میں فضائی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر خصوصی احتیاطی اقدامات نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی اے اے کے مطابق مون سون کے دوران ایئرپورٹ اور اس کے گرد و نواح، خصوصاً تین ہزار فٹ سے کم بلندی پر پرندوں کی سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر پائلٹس کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے ایئرلائنز کو بھی ممکنہ زمینی یا فضائی تاخیر سے نمٹنے کے لیے اضافی ایندھن رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ پروازوں کے آپریشنز کو محفوظ اور بلا تعطل جاری رکھا جاسکے۔
پی اے اے کے اعلامیے کے مطابق 5 جولائی سے 15 ستمبر 2026 تک روزانہ صبح 5 بج کر ایک منٹ سے 8 بجے تک دونوں رن ویز عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ ان اوقات میں پرندوں کی نقل و حرکت اپنے عروج پر ہوتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کمرشل پروازیں مقررہ اوقات کے علاوہ معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی لینڈنگ کی صورت میں رن وے فوری طور پر دستیاب ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشنز کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔