پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گرد عناصر کے خلاف جائز، ہدفی اور متناسب کارروائیاں کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے جبکہ اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور ہمسایہ ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو مسلسل دبانے میں مصروف ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت افغان سرزمین سے پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور معاونت میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ پاکستان کے خلاف لگائے گئے بھارتی الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔