وزیراعظم کی مون سون سے نمٹنے کے لیے اداروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون سیزن کی پیشگی تیاری، موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، چیئرمین واپڈا، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے اس لیے قومی سطح پر درپیش خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان جامع تعاون ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے رواں ہفتے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کریں تاکہ مون سون سے متعلق پیشگی تیاریوں کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کی نگرانی میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ وفاقی وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو صوبائی اداروں کے ساتھ عملی تعاون کو فروغ دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرے گی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران ممکنہ نقصانات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی فنڈ کے قیام کی پیشگی تیاری مکمل کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکی مالی معاونت سے جاری منصوبوں کو قومی اور مقامی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے جبکہ قومی آبی تحفظ اور سلامتی کے لیے وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے۔

وزیراعظم نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ خطرے سے دوچار اضلاع میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور ممکنہ سیلابی راستوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ مون سون کے دوران تمام متعلقہ ادارے اپنی مکمل ادارہ جاتی اور تکنیکی صلاحیتوں کو عوام کی سہولت اور تحفظ کے لیے بروئے کار لائیں۔

دوران اجلاس چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون سیزن کی تیاریوں، ممکنہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلیوں کے رجحانات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں رواں سال شدید گرمی کی لہروں اور غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں کے امکانات موجود ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بھی جولائی کے دوران غیر معمولی بارشوں اور شدید گرمی کی توقع ہے، جس کے پیش نظر مجوزہ حکمت عملی کے تحت تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر توانائی اویس لغاری، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US