نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے وفد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں ایئرپورٹ پر جاری مختلف آپریشنز اور جدید فضائی نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق وفد میں پروجیکٹ ڈائریکٹر سرٹیفکیشن یونٹ کی فیکلٹی، انجینئرز اور مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل تھے۔
دورے کے دوران وفد کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدید فضائی آپریشنز، انتظامی امور اور سروسز کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ انہیں ایئرپورٹ کے آپریشنل نظام کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔
این ڈی یو کے وفد نے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور فائر اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس موقع پر علم اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے فضائی شعبے میں بہترین خدمات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔