چیئرمین سینیٹ کا پاکستان اور بلغاریہ کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

image

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر آئرینا گیناڈیوا گانچیوا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اقتصادی روابط اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سفیر آئرینا گانچیوا کو اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور بلغاریہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کے استحکام میں ان کی خدمات کو سراہا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے بلغاریہ اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بلغاریہ کی مکمل شینگن رکنیت کا خیرمقدم کیا، یورو کرنسی اپنانے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) میں شمولیت کے لیے بلغاریہ کی خواہشات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان روابط بڑھانے اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کردار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سفیر کو بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی)، خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں اور سینیٹ کی جانب سے نوجوانوں کی شمولیت، خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق، تعلیم اور جامع طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے سفیر آئرینا گانچیوا کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ تعاون اور دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US