پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی روشن مثال ہے، اسحاق ڈار

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ایک مثالی شراکت داری ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے قیام کی 105ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے چینی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک صدی سے زائد عرصے سے سی پی سی نے چین کو ترقی، خوشحالی اور قومی احیاء کی راہ پر گامزن رکھا ہے اور کروڑوں افراد کو غربت سے نکال کر دنیا کے لیے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آہنی اور ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی عکاس ہے، جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بنیادی مفادات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے اور عوامی سطح پر دوستی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2015 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا آغاز دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا، جس نے نہ صرف توانائی بحران کے خاتمے میں مدد دی بلکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کے پانچ نکاتی ترقیاتی وژن اور سی پیک 2.0 کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے چین اور پاکستان کے پانچ نکاتی امن منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کو دنیا بھر کے متعدد ممالک کی حمایت حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی بحرانوں کے دوران پاکستان اور چین کے قریبی تعاون نے ثابت کیا ہے کہ دونوں ممالک کی دوستی عالمی امن، استحکام اور ہم آہنگی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔

تقریب کے اختتام پر اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت اور تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے چین کے ساتھ لازوال دوستی کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے لیے مزید ترقی، خوشحالی اور استحکام کی دعا کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US