اسپورٹس معاشرے میں مثبت سوچ اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دیتی ہے، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیل ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ اور کھیلوں کے جذبے کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے 2026ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کی سرگرمیوں کو ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اسپورٹس جرنلسٹس ایوارڈز کا اجرا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی محی شاہ کو موجودہ حکومت کے دور میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا، جو پورے ملک کے صحافیوں کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے اسپورٹس جرنلزم کے فروغ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں اور اسپورٹس جرنلزم سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا، جبکہ حکومت اور خصوصاً وزارت اطلاعات صحافیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اسپورٹس واحد چینل ہے جو فیفا ورلڈ کپ کی نشریات دکھا رہا ہے، جو کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔

تقریب کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، جبکہ نومنتخب باڈی نے آئندہ مدت کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا باقاعدہ حلف بھی اٹھایا۔

وفاقی وزیر نے رسجا کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور بعد ازاں ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US