وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں جدید، ماحول دوست اور کم کرائے والی سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار تیزی سے بڑھا رہی ہے، جبکہ مزید 1500 بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار بسیں عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہوں گی۔
لاہور میں پنجاب کے 6 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو معیاری، محفوظ اور سستی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پنجاب کی تمام تحصیلوں تک جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہوسکیں اور انہیں کم خرچ اور آرام دہ سفر میسر آسکے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں الیکٹرک بسوں کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اسی ضرورت کے پیش نظر بعض علاقوں کو 10، 15 یا اس سے زیادہ بسیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ جہاں مزید ضرورت محسوس ہوگی وہاں مرحلہ وار اضافی بسیں بھی مہیا کی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے تمام شہری یکساں سفری سہولتوں سے استفادہ کرسکیں۔