کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک ٹیوشن سینٹر سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چھت پر ضرورت سے زیادہ ملبہ ڈالنے کے باعث ٹی آئرن اور گارڈرز پر اضافی دباؤ پڑا، جس کے نتیجے میں چھت گرگئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی موجودگی کے دوران چھت پر مٹی ڈلوانا سنگین غفلت تھی جبکہ عمارت کا کمزور ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت ایک خاتون ٹیچر اور 20 بچے چھت کے نیچے موجود تھے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی اموات سر پر شدید چوٹیں لگنے کے باعث ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں تاحال کسی متعلقہ سرکاری ادارے کے اہلکار کی غفلت سامنے نہیں آئی۔ رپورٹ میں ماہرین کی آراء بھی شامل کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک اور اس کے بھائی سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔