آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی شخصیات نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر، ممبران اسمبلی اور مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی، جس کے دوران متعدد شخصیات نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
آئی پی پی میں شامل ہونے والوں میں ایل اے 16 سے اعجاز کھٹانہ، ایل اے 39 سے طاہر کھوکھر اور ایل اے 30 سے مقبول گجر شامل ہیں۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو پارٹی پرچم بھی پہنائے گئے۔
ملاقات میں رکن قومی اسمبلی عون چوہدری، میاں خالد محمود، رانا نذیر احمد اور شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ آزاد کشمیر میں استحکام پاکستان پارٹی اور عبدالعلیم خان کو خوش آمدید کہتے ہیں، جبکہ عوام کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے نئی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔
رہنماؤں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں برسرِ اقتدار رہنے والی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہیں۔