صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک بے گناہ خاتون کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کرنا اعلیٰ انسانی اقدار، فرض شناسی اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ صدر نے کہا کہ اسلام آباد کی مصروف شاہراہ پر اس نوعیت کا افسوسناک واقعہ تشویش ناک ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری، جرأت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے اس بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی اور شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔