اسلام آباد ہائیکورٹ: بحریہ ٹاؤن کی پانچ جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف درخواست پر بینچ ٹوٹ گیا

image

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بحریہ ٹاؤن کی پانچ جائیدادوں کی نیلامی کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران بینچ ٹوٹ گیا جس کے بعد کیس کی فائل چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو بھجوا دی گئی۔

درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں ہو رہی تھی۔ دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ پہلے بھی عدالت کے سامنے آچکا ہے اور اس سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل بھی دائر کی جاچکی ہے اس لیے مناسب ہوگا کہ کیس چیف جسٹس کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وہ پہلے بھی اسی نوعیت کے مقدمات سن چکے ہیں تاہم عدالتی کارروائی میں تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بہتر ہوگا کہ موجودہ کیس چیف جسٹس کے بینچ کے سامنے سنا جائے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ابتدائی رٹ پٹیشن پر پہلے ہی عدالتی فیصلہ موجود ہے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی انٹرا کورٹ اپیل پہلے بھی دائر کی جاچکی ہے جبکہ یہی معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں بھی زیرِ التواء ہے جہاں اسی نوعیت کی استدعا کی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ پہلے ہی متعلقہ درخواست مسترد کرچکا ہے۔ پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ اگر عدالت ہدایت کرے تو نیب ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ مقدمہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ نیب نے بحریہ ٹاؤن کی پانچ جائیدادوں کی نیلامی کے لیے 7 جولائی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے جسے درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US