صدر آصف علی زرداری آج سے 9 جولائی تک کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے

image

وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری 6 سے 9 جولائی 2026 تک کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ کرغزستان کے صدر سادیر ژاپاروف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس میں صدرِ مملکت اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق گزشتہ 21 برسوں میں یہ کسی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ دورہ دسمبر 2025 میں کرغزستان کے صدر کے کامیاب دورۂ پاکستان کے تسلسل میں ہو رہا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور صدر سادیر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دونوں رہنما پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مذاکرات میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت اور ادویات، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کرغز پارلیمان کے اسپیکر سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی اقدار اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن، رابطہ سازی اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US