کراچی: سرجانی ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر کا افتتاح، شہریوں کو جدید سہولیات فراہم

image

شہر قائد میں شہریوں کو شناختی دستاویزات کی بہتر اور تیز رفتار سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرجانی ٹاؤن میں نئے نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔

گورنر سندھ نے نوتعمیر شدہ میگا سینٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت جدید اور معیاری سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ نادرا کا یہ جدید مرکز علاقے کے مکینوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔

نادرا حکام کے مطابق میگا سینٹر میں عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے 20 ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ شناختی دستاویزات سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں اور شہریوں کو طویل انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سینٹر میں ایک کشادہ انتظار گاہ بھی قائم کی گئی ہے، جہاں بیک وقت 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں، جہاں انہیں ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ نادرا جدید سہولیات کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاؤن میگا سینٹر کے قیام سے مقامی آبادی کا وقت اور سفری اخراجات دونوں کم ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میگا سینٹر میں تھیلیسیمیا کی اسکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ ٹیسٹ کے دوران مرض کی تشخیص ہونے پر متعلقہ افراد کو ضروری طبی رہنمائی بھی دی جائے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آبادی کے مرکز میں اس جدید مرکز کا قیام حکومت کے عوامی خدمت کے عزم کی عملی مثال ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US