انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس کی اہم سماعت ہوئی، جس کے دوران مقدمے کے مرکزی ملزم سعد عباسی کو پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے انتہائی سخت پہرے میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے کیس کی اب تک کی ابتدائی کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر استغاثہ اور تفتیشی ٹیم کی جانب سے اب تک ہونے والی تحقیقات، شواہد اور تفتیش سے متعلق امور کی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔ عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ کیس کے تمام پہلوؤں کو قانون کے مطابق شفاف اور ٹھوس بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور تحقیقاتی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ملزم سعد عباسی کو قانونی کارروائی اور باقاعدہ چالان کی تیاری کے سلسلے میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل اور تفتیشی امور کا جائزہ لینے کے بعد کیس کی مزید سماعت کو آئندہ تاریخ تک کے لیے ملتوی کردیا، جہاں مقدمے کی باقاعدہ سماعت اور گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔