پاکستانی اداکار فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل نے اپنے بیٹے فرمان قریشی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ گھر کے مختلف کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں فرمان صفائی کرنے اور کپڑے دھونے میں اپنی والدہ کا ہاتھ بٹا رہے ہیں جسے سوشل میڈیا صارفین نے خاص طور پر پسند کیا۔
ثنا فیصل نے ویڈیو کے ساتھ ماؤں کے نام ایک پیغام بھی لکھا اور کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی ایسی تربیت کر رہی ہیں جس میں گھر کے کاموں میں مدد کرنا زندگی کا عام اور ضروری حصہ ہو۔ ان کے مطابق بچوں کو چھوٹی عمر سے یہ سمجھانا ضروری ہے کہ گھر کی ذمہ داریاں صرف خواتین تک محدود نہیں ہوتیں۔
ویڈیو میں فرمان قریشی کو توجہ کے ساتھ صفائی اور لانڈری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کی یہ عادت سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی جہاں کئی صارفین نے ثنا فیصل کے تربیتی انداز کو سراہا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ بیٹوں کو کھانا پکانے، صفائی، کپڑے سنبھالنے اور گھر کے دوسرے کام سکھانے سے وہ مستقبل میں زیادہ ذمہ دار اور خودمختار انسان بنتے ہیں۔ بعض خواتین نے لکھا کہ وہ بھی اپنے بچوں کو گھر کے کاموں میں شامل کرتی ہیں تاکہ وہ بڑے ہوکر ان ذمہ داریوں کو کسی ایک فرد پر نہ ڈالیں۔
ثنا فیصل سوشل میڈیا پر سماجی اور سیاسی موضوعات پر اپنی رائے دینے کے علاوہ خواتین اور بچوں کی تربیت سے متعلق باتیں بھی کرتی رہتی ہیں۔ وہ اکثر ایسی ویڈیوز شیئر کرتی ہیں جن میں فیصل قریشی کو بھی گھر کے کاموں میں تعاون کرتے دیکھا جاتا ہے۔
ثنا اور فیصل قریشی دو بچوں، آیت اور فرمان، کے والدین ہیں۔ ثنا فیصل کی تازہ ویڈیو نے ایک بار پھر یہ بات سامنے لائی ہے کہ بچوں کی تربیت میں گھر کے کاموں کی اہمیت سمجھانا صرف عملی مدد نہیں بلکہ ذمہ داری، احترام اور برابری کا سبق بھی ہے۔