اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریا فرنانڈا ایسپینوسا نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل ادارے میں ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گے اور سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں، خصوصاً فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جو مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام، اور عالمی امن، خوشحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔