پاکستان اور مصر کے درمیان ڈیجیٹل گورننس اور ٹیلی کام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جنیوا میں منعقدہ عالمی انفارمیشن سوسائٹی کانفرنس کے موقع پر مصر اور سری لنکا کی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل گورننس اور آئی ٹی کے شعبے میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر کی مصر کے نائب وزیر برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن محمود بدوی سے ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں شزہ فاطمہ خواجہ نے سری لنکا کے صدر کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر ہنس وجیاسوریا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، ای گورننس، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے آئی ٹی سیکٹر میں تعاون بڑھانے، مہارتوں اور تجربات کے تبادلے، مشترکہ منصوبوں کے امکانات، پاکستان کی سری لنکا کو آئی ٹی برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ڈیجیٹل معیشت میں نئی شراکت داریوں کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US