کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں حریت کنوینر غلام محمد صفی سمیت مسلم لیگ (ن) کے بشیر میمن، ایم کیو ایم کی ڈاکٹر فوزیہ حمید، پیپلز پارٹی کے رؤف ناگوری اور دیگر سیاسی و حریت رہنماؤں نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ نوجوان کشمیری رہنما شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر 8 جولائی 2026 بروز بدھ شام 5:00 بجے آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔ حریت قیادت نے کراچی کی تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 جولائی 2016 کو جامِ شہادت نوش کرنے والے برہان وانی کی قربانی تحریکِ آزادیٔ کشمیر کا روشن باب ہے جس نے کشمیری نوجوانوں میں حقِ خودارادیت کا نیا جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
پریس کانفرنس میں عالمی سطح پر پاکستان کے امن پسند کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ قضیہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مثبت پیشرفت ہوگی، جبکہ حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔