کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا عزم

image

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن، سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں۔

فورم نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی استعداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کانفرنس میں افغان طالبان کے زیرِ انتظام علاقوں کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں، جن میں فتنہ الخوارج (FAK) اور فتنہ الہندستان (FAH) شامل ہیں، کی جانب سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں کو بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے استعمال سے روکنا ناگزیر ہے اور اس حوالے سے افغان طالبان حکومت براہِ راست ذمہ دار ہے۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو اپنے عوام کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور مسلح افواج آپریشن “غضبُ الحق” کے تحت افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھیں گی۔

شرکاء نے زور دیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں عوامی خدمت اور فلاح پر مبنی مؤثر حکومتی ڈھانچے فوری قائم کیے جائیں تاکہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں دشمن کو بھرپور شکست کے بعد پاکستان کے خلاف بیرونی سرپرستی میں ہائبرڈ وارفیئر اور گمراہ کن پروپیگنڈے میں اضافہ ہوا ہے۔ فورم نے دہشت گرد پراکسیز کی مالی معاونت، سہولت کاری اور سرپرستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فورم نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور بین الاقوامی قانون کے احترام، پرامن تنازعات کے حل اور علاقائی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور سندھ طاس معاہدہ کے بارے میں 24 اپریل 2025 کو قومی سلامتی کمیٹی کی ہدایات کا اعادہ کیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات اور عوامی توقعات کے مطابق پاکستان کے پانی کے جائز حق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔

فورم نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں یکطرفہ تبدیلی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ فورم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اختتامی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ بدلتی ہوئی جنگی حکمتِ عملی کے مطابق کثیرالجہتی عسکری تبدیلی کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی چوکسی، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کے ہر قیمت پر تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US