امریکی حملوں کے بعد ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر میزائل حملوں کا دعویٰ

image

امریکی فضائی حملوں کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل حملے کرنے اور جنوبی ایران میں ایک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے مطابق بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں سمیت 85 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی دعوے کے مطابق بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر اور کویت میں علی السالم ایئر بیس پر بھی میزائل داغے گئے۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے حالیہ فضائی حملے شہید رہبرِ اعلیٰ کی تعزیتی تقریبات سے توجہ ہٹانے کے لیے کیے، جبکہ یہ کارروائیاں اسلام آباد میمورنڈم اور جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان میزائل حملوں کو انہی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں پہلا ردعمل قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی حملوں کے دعوؤں کے بعد کویت اور بحرین میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ کویتی حکام نے شہریوں سے حفاظتی اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ حکام کے مطابق ملک کا دفاعی نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ حملوں اور نقصانات سے متعلق تمام دعوے متعلقہ فریقین کی جانب سے کیے گئے ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US