سندھ حکومت کا جلد مزید 500 الیکٹرک بسیں لانے کا اعلان، عالمی بینک کو سرمایہ کاری کی دعوت

image

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ، سرمایہ کاری اور مستقبل کے انفراسٹرکچر منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے کراچی میں جاری یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر پیش رفت، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خصوصی (ایکسکلوسیو) بس روٹس، اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ٹرین اور ماڑی پور سے نادرن بائی پاس تک فریٹ ٹرین جیسے میگا منصوبوں سے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سندھ حکومت جلد مزید 500 ماحول دوست الیکٹرک (ای وی) بسیں لا رہی ہے، اور سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے ای وی بسیں متعارف کرائیں اور کاربن کریڈٹس حاصل کیے۔ شرجیل میمن نے عالمی بینک کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت کی دعوت بھی دی۔

عالمی بینک کے وفد نے سندھ حکومت کی پبلک ٹرانسپورٹ اصلاحات، ای وی بس سروس اور خواتین کے لیے پنک ای وی اسکوٹی اسکیم کو پائیدار ترقی کے لیے قابلِ تحسین قرار دیا۔ تاہم، وفد نے منصوبوں کی پائیداری کے لیے اسکروٹنی، مؤثر نگرانی، رسک میٹیگیشن کے نظام کو مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر زور دیا۔

شرجیل انعام میمن نے تمام شراکت داروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی بس روٹس کے حوالے سے جلد تاجروں، سرمایہ کاروں اور عالمی بینک کے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US