پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کے تعاون سے اورماڑہ کے مشرق میں پانی بھر جانے کے باعث ڈوبنے والی ایک مال بردار لکڑی کی کشتی (دھو) میں سوار تمام 20 پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعے کی اطلاع جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو موصول ہوتے ہی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور فضائی وسائل کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بروقت، منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی کارروائی کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہر وقت ہنگامی بحری صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔