کراچی نااہلی اور بدانتظامی کی علامت بن چکا ہے، مفتاح اسماعیل کی سندھ حکومت پر تنقید

image

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان عوام پارٹی کے جنرل سیکریٹری مفتاح اسماعیل نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت، ملکی معیشت اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عالمی شہروں کی تازہ درجہ بندی میں کراچی 173 شہروں میں 170ویں نمبر پر ہے، جو ملک کے معاشی مرکز کی ابتر صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 18 برس سے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، لیکن شہر کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے تقریباً نصف شہری صاف پانی سے محروم ہیں، جبکہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور پولیس کا نظام بھی بدترین حالت میں ہے۔ ان کے بقول یونیورسٹی روڈ گزشتہ پانچ برس سے زیر تعمیر ہے، جو صوبائی حکومت کی نااہلی اور بے حسی کی واضح مثال ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں میں بیرونی سرمایہ کاری کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ گزشتہ چار برسوں میں مہنگائی 78 فیصد بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دس میں سے تین پاکستانی ایسے ہیں جن کی ماہانہ آمدن 9 ہزار روپے سے بھی کم ہے اور ملک میں غربت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف صرف نئے ٹیکس لگانے کا نہیں بلکہ حکومتی اخراجات میں کمی کا مطالبہ کرتا ہے، تاہم موجودہ پالیسیوں کے تحت ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی آزادانہ فیصلے کرنے سے روکا جاتا ہے۔

تیل کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ سے قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پہلے ہی کم قیمت پر تیل خرید رکھا تھا، اس کے باوجود فروری میں قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا گیا، جس سے ریفائنریز کو تقریباً 75 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US