وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اصلاحات، ایف بی آر کی کارکردگی اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس لیے انہیں زیادہ پیداوار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کریں تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ قائم ہو اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ٹیکس قوانین کی مکمل پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی خدمات کا باقاعدہ اعتراف کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔
اجلاس کو ایف بی آر کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزر صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں یہ نظام نصب کرنے کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران شوگر انڈسٹری میں پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے 42 ارب روپے، سیمنٹ انڈسٹری میں 38 ارب روپے اور بیوریجز انڈسٹری میں 15 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔